
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے قانون، محنت و بین الصوبائی رابطہ عامر جاوید نے صوبے کے مختلف اضلاع میں تعینات ڈسٹرکٹ اٹارنیز کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زیادہ مالی اثرات کے حامل مقدمات کا خصوصی قانونی آڈٹ کرایا جائے۔اجلاس میں بعض ڈسٹرکٹ اٹارنیز کی جانب سے مقدمات کے مالی اثرات سے متعلق مطلوبہ تفصیلات فراہم نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں وارننگ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی۔ عامر جاوید نے واضح کیا کہ تمام ڈسٹرکٹ اٹارنیز متعلقہ مقدمات کی مکمل مالی تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا عدم تعاون قابل قبول نہیں ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ڈسٹرکٹ اٹارنی کی کارکردگی کا انفرادی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے اور مقدمات کی پیروی، عدالتی فیصلوں اور ان کے مالی اثرات کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے تاکہ سرکاری اداروں کے مالی مفادات کا تحفظ، قانونی امور کی مؤثر نگرانی اور ادارہ جاتی احتساب یقینی بنایا جا سکے۔
