Home Blog Page 202

وزیراعظم اور ان کے قائد اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بجلی کی سیاست کر رہے ہیں،مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

> وزیراعظم ترقیاتی اخراجات کاٹ کر آئی پی پیز کا پیٹ بھر رہے ہیں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کاوزیراعظم کی پریس بریفنگ پر ردعمل

مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں کہ خیبر پختونخوا کے وزیر بجلی پر سیاست نہ کریں آپ لوگوں نے بجلی پر سیاست نہیں کی تو کیا کام کیا ہے وزیراعظم اور ان کے قائد اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے بجلی سیاست کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ 2015 کے بعد لگائے گئے مہنگے بجلی گھر مہنگی بجلی کے سبب ہیں اج کی پریس بریفنگ میں وزیراعظم صاحب نے جھوٹ بولا ہے کہہ رہے ہیں کہ پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین کو تین مہینے کا ریلیف دیا ہے جبکہ یہ ریلیف صرف پروٹیکٹو صارفین کے لیے تھا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ 500 یونٹ صارفین کو پہلے 200 یونٹس پر کوئی سبسڈی نہیں دی ہے پہلے 200 یونٹس کی بنیادی قیمت 30 روپے، چارجز سمیت 50 روپے بنتے ہیں اور اس معاملے میں پنجاب کے وزیراعلی اور وزیراعظم غلط بیانی کر رہے ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعظم کے مطابق لوگ کہہ رہے ہیں کہ شارٹ ٹرم ریلیف ہیں حالانکہ لانگ ٹرم ریلیف ہے وزیراعظم دو ماہ کی ریلیف کو لانگ ٹرم ریلیف کہہ رہے ہیں کیا کوئی عقلمند آدمی دو ماہ کے ریلیف کو لانگ ٹرم ریلیف کہہ سکتا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعظم کہہ رہے ہیں آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے یہ تو سب کو پتہ ہے مارکیٹ اور عوام پوچھ رہے ہیں آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ کیوں نہیں ہو رہی وجوہات کیا ہیں اس بارے میں وزیراعظم نے کوئی وضاحت نہیں دی ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعظم کے مطابق ملک کی برآمدات بڑھ رہی ہے جبکہ برآمدات عمران خان 2022 میں 32 ارب ڈالر چھوڑ کے گئے تھے اور پی ڈی ایم حکومت برآمدات کو 25 ارب ڈالر سے نیچے لے گئے ہیں اب دوبارہ 32 ارب ڈالر پر نہیں پہنچے ہیں تو کیسے بڑھ رہی ہے۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم ترقیاتی اخراجات کاٹ کر ائی پی پیز کا پیٹ بھر رہے ہیں خیبرپختونخوا چھ روپے اور سندھ 15 سے 20 روپے بجلی پیدا کر رہا ہے آپ کے لگائے بجلی گھر 75، 60، 55، اور 37 روپے بجلی پیدا کر رہا ہے اپ کا لگایا سولر پلانٹ بھی 36 روپے بجلی پیدا کر رہا ہے۔ اس کے برعکس خیبر پختونخوا اگلے دو ماہ میں 20 ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ 30 ہزار لوگوں کو سولر فراہم کرے گا اس پیکج میں سولر پینلز، بیٹری، 4 پنکھے، 6 بلب اور تار حکومت فراہم کرے گی۔

> مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا چائنہ ونڈو سنٹر پشاور کے زیر اہتمام چائنیز لینگویج کورس مکمل کرنے والے طلبہ تقریب سے خطاب

> صوبے کی مالی حالت پہلے سے بہترین پوزیشن میں ہے اس مالی سال کے دوران صرف صحت کارڈ کو 37 ارب روپے جاری کریں گے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم ں ے چائنہ ونڈو سنٹر پشاور کا دورہ کیا اور چائنہ ونڈو سنٹر پشاور کی جانب سے چائنیز لینگویج کورس مکمل کرنے والے طلبہ کے درمیان سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک سمیت متعدد حکام موجود تھے۔ سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ چائینز زبان دو تہذیبوں،دوقوموں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں غیر ملکی زبانیں سیکھنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ چائنہ ونڈو سنٹر پشاور محدود وسائل میں عوام کیلئے بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے زیادہ 26 فیصد بجلی چائنہ میں پیدا ہوتی ہے جس کا مطلب ہے کہ دنیا کی چار میں سے ایک یونٹ بجلی چائنہ پیدا کر رہا ہے اور امریکہ کے بعد چائنہ دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے نوجوانوں سے حطاب کرتے ہوئے صوبے کی معاشی حالت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کیلئے 15 ارب روپے کی لاگت سے احساس منصوبے شروع کرے گی جس میں احساس اپنا گھر، احساس ہنر اور احساس نوجوانان پروگرام شامل ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ احساس اپنا گھر پروگرام میں اخوت مائیکرو فنانس بینک کے زریعے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیں گے اور احساس ہنر پروگرام کے تحت 5 لاکھ تک بلاسود قرضے نوجوانوں کو فراہم کریں گے ان بلاسود قرضے جات سے خیبرپختونخوا کے نوجوان چھوٹے کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحت کارڈ فعالی کے بعد تعلیم کارڈ منصوبہ شروع کر رہی ہے اور صوبے کی مالی حالت پہلے سے بہترین پوزیشن میں ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے مقابلے میں خیبرپختونخوا حکومت نے نقد رقم سے گندم خریداری کی ہے اور اس سال صحت کارڈ کیلئے تقریباً گیارہ ارب روپے جاری کر چکے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ اس مالی سال کے دوران صرف صحت کارڈ کو 37 ارب روپے جاری کریں گے اور گزشتہ مالی سال کے دوران سو ارب روپے کا سرپلس بجٹ بھی دیا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کی ویژن اور علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں اور بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے منگل کے روز

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے منگل کے روز ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے مرکزی دفتر حیات آباد پشاور میں اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکریٹری صنعت و منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا عامر آفاق کے علاؤہ ادارے کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ٹیوٹا کی مجموعی کارکردگی کا زیر حاصل جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف پہلوؤں میں فنی تعلیم کے شعبے کی مجموعی بہتری کیلئے اسکے حکام کو دئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کیلئے اب تک کی پیش رفت سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ہدایت کہ ٹیوٹا اور محکمہ کے حکام اپنی ذمہ داریوں کو مقررہ وقت میں ادا کرکے دیئے گئے ٹائم لائنز میں درکار ضروری امور کو مکمل کریں۔انھوں نے کہا کہ فنی تعلیم کے شعبے کو پائداری کی جانب گامزن کرنا ہے تاکہ یہ شعبہ مالی لحاظ سے مستحکم ہوسکے۔معاون خصوصی نے اس موقع پر ہدایت کی کہ فنی تعلیم کے اداروں میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ضروری سکلز اور تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمان کی سربراہی میں منگل کے روز جی۔آئی۔ایس سروے رپورٹ پ سے متعلق ایک اہم اجلاس پشاور میں

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمان کی سربراہی میں منگل کے روز جی۔آئی۔ایس سروے رپورٹ پ سے متعلق ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقدجس میں سیکرٹری ایکسائز فیاض علی شاہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس سروے کا مقصد پشاور ریجن میں تمام کمرشل اور ریزیڈینشل یونٹس کی جی آئی ایس سسٹم کی مدد سے نشاندھی کرنا ہے۔وزیر ایکسائز کی ہدایت پر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ خود اس سروے کو مکمل کریگا اور جس سے محکمہ کو 70 کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوگی جس کے لئے پراؤیٹ ایجنسی سے سروے کروانے کی بجائے محکمہ ایکسائز کو اس سروے کے مکمل کرنے کا ٹاسک سونپاگیا ہے جس کے باعث صوبائی حکومت کے پاس عوام کے پیسے کی بچت ہو سکے گی۔ اس سروے کی تکمیل سے نہ صرف ایکسائز محکمے کے ساتھ تمام ریزیڈینشل اور کمرشل یونٹس کا ڈیٹا جمع ہو گا جس سے ریکارڈ کی آن لائن درستگی کا موقع میسر ہوگا بلکہ اسی ڈیٹا کو دوسرے ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ بھی بوقت ضرورت شیئر کیا جا سکے گا۔ وزیر ایکسائز کی اس حوالے سے واضح ہدایات ہیں کہ ادارے کی فعالیت کے لیے اس میں تعلیم یافتہ اور ماہر لوگوں کو کام کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ ریوینیو کو بڑھانے اور ادارے کے کوآرڈینیشن کے عمل کو مزید بہتر کیا جا سکے۔

مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برائے عشر و زکوٰۃ، سماجی بہبود اور ترقی نسواں مشال یوسفزئی نے کہا

مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برائے عشر و زکوٰۃ، سماجی بہبود اور ترقی نسواں مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی یہ حتی الوسع کوشش ہے کہ کہیں پر بھی خصوصی افراد تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ والدین اپنے خصوصی بچوں کو محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں میں داخل کرائیں،خصوصی افراد کے قائم تعلیمی اداروں نے امسال کے میٹرک امتحانات نتائج میں بے مثال کارکردگی دکھائی ہے۔مشال یوسفزئی نے کہا کہ یہ خصوصی افراد بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے کے بعد نہ صرف اپنابلکہ اپنے خاندان اور ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں اگر انہیں مناسب توجہ کے ساتھ بہتعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے اور یہی صوبائی حکومت کی کوشش ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس حیات آباد پشاور میں قوت سماعت سے محروم افراد کے لیے قائم سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں گیارہویں جماعت کے لیے داخلے شروع ہو گئے،گیارہویں جماعت کے لیے داخلہ فارم کی جمع کرنے کی آخری تاریخ اگست 31، 2024 ہے،4ستمبر 2024 کو خصوصی طلبہ سے داخلہ ٹیسٹ لیا جائے گا اور باقاعدہ کلاسسز کا آغاز ستمبر 16، 2024 سے ہوگا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک، فشریز اور کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے اتوار کے روز مینگورہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیوسٹاک، فشریز اور کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے اتوار کے روز مینگورہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی، اس موقع پر لوگوں نے فضل حکیم خان یوسفزئی کو اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل سے بھی آگاہ کیا جنہیں صوبائی وزیر نے انتہائی غور سے سنا اور انکے مناسب حل کی یقین دہانی کرائی جبکہ بعض مسائل کو موقع پر متعلقہ افسران سے رابط کرکے حل بھی کیا اس موقع پر چیئرمین حیدرعلی، چیئرمین ارشد علی، جہانزیب گوگل اور دیگر پی ٹی آئی کارکنان بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے، فضل حکیم خان یوسفزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وژن کے تحت صوبے کے عوام کی حالت زندگی بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں وزیر اعلیٰ نے سول انتظامیہ کو اپنی حکومت کا ایجنڈا دے دیا ہے اور اس پر عمل درآمد کے سلسلے اہم ہدایات جاری کیں۔ عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے تمام انتظامی محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ٹائم لائنز کے ساتھ ذمہ داریاں تفویض کی گئیں یہ اقدام خیبرپختونخوا کے عام لوگوں کی حالت زندگی بہتر بنانے کیلئے اٹھائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے اسے عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور پی ٹی آئی ورکرز انہیں اپنے دل و جان سے بھی زیادہ عزیز ہیں انکی پوری کوشش ہے کہ عوام کی شبانہ روز خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں انکے دفتر اور حجرے کے دروازے عوام کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ کسی ذاتی یا اجتماعی کام کیلئے ان سے بلا ہچکچاہٹ مل سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر پختون یار خان نے بنوں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کی جلوزئی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے جھوٹی افواہ پھیلانا قرار دیا

صوبائی وزیر پختون یار خان نے بنوں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کی جلوزئی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے جھوٹی افواہ پھیلانا قرار دیا اُنہوں نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ہوتے ہوئے کوئی مائی کا لعل بنوں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس تبدیل نہیں کرسکتا اور نہ ہی تبدیلی کی کوئی حقیقت ہے مخالفین کے پاس اب افواہیں پھیلانے کے سوا کوئی چارہ باقی نہیں رہا وہ اب عوام کو بیوقوف بنانے اور پی ٹی آئی کے خلاف کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں مگر وہ ان ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے اُنہوں نے کہاکہ ہم نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے رابطہ کیا اور بنوں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کیا اُنہوں نے فوراً متعلقہ حکام سے رابطہ کرایا تو اُنہوں نے ہمیں یقین دلایا کہ بنوں کے عوام نے جو ہمیں عزت دی ہے اس کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے اور نہ ہی کسی کو ان کے حقوق یا ان کے وسائل پر قابض ہونے دیں گے جو بھی بنوں کے حقوق یا وسائل پر قبضہ کرنے کی کوشش کرے گا یا بنوں کو نقصان پہنچائے گا اُنہوں نے کہاکہ بنوں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کی منتقلی کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا مزید بھی خیبر پختونخوا سمیت بنوں کے تمام ادارے فعال کراکے عوام کو مستفید کریں گے عوام نے محرومیاں دور کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے جب تک زندگی ہے خیبر پختونخوا اور خاص کر بنوں کے عوام کے وسائل اور حقوق کی حفاظت کریں گے اُنہوں نے کہاکہ بنوں کے عوام کے تمام تر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے سابقہ مخالفین کے ادوار کی گندگی کا صفایا کیا جارہا ہے جلد ہی عوام مثبت تبدیلیاں دیکھیں گے۔

خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے

خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ 22 اگست کو اسلام آباد میں جلسہ ہو گا اور خیبر پختونخوا سے عوام بڑی تعداد میں جلسے کے لئے آئے گی خیبرپختونخوا کی عوام کا جلسے میں اہم کردار ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ خدشہ ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ جلسے کی این او سی نہ دے۔ اسلام آباد انتظامیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ جلسے کی اجازت دینا آپکا فرض ہے انتظامیہ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس بار جلسے میں روڑے نہ اٹکائے جائیں ہم امن و امان کے ساتھ جلسہ کرینگے اور قانون کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ التجا ہے کہ جلسے کے لئے ایسی صورتحال نہ پیدا کی جائے کہ تلخیاں ہوں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرپشن پر کمیٹی بنائی جس کی تجاویز پر ایکشن لیا گیا ہے۔ کمیٹی نے رپورٹ دی کہ شکیل خان کرپشن میں ملوث پائے گئے وزیر اعلیٰ نے بطور وزیر نوٹیفکیشن جاری کیا کہ انہیں نکالا جائے۔ شکیل خان کو کرپشن کی وجہ سے نکالا گیا اور ان کے اور سیکرٹری کے خلاف بھی کاروائی ہو گی۔ یہ تاثر نہ لیا جائے کہ پارٹی میں کوئی گروہ بندی ہے عہدے کو استعمال کرتے ہوئے ذاتی مقاصد حاصل نہیں کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر عاطف خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عاطف خان یا جنید اکبر کے پاس کوئی شواہد ہیں تووہ کمیٹی کے سامنے پیش کریں، پارٹی میں ایسے معاملات آتے ہیں جو گھر میں ہی حل ہو سکتے ہیں۔ عمران خان نے جنید اکبر کو احتساب کی کمیٹی میں رکھنے کا کہا تھا اور جنید اکبر کو بطور کور آرڈینیٹر بنانے کا کہا گیا لیکن جنید اکبر کا نام کمیٹی سے بعد میں ان کی ہی ہدایات پر ہٹا دیا گیا تھا۔ کمیٹی میں صرف تین ممبران ہیں جبکہ کمیٹی کے ایک ممبر مصدق عباسی معاون خصوصی بھی ہیں۔ عمران خان نے جنید اکبر اور عاطف خان کو ملاقات کے لئے بلا لیا ہے۔ عمران خان کو معلوم ہوا ہے کہ یہ افراد منفی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔ کمیٹی کے سربراہ مصدق عباسی نہیں بلکہ قاضی انور ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک طالبان پاکستان سے بات کی جائے تاکہ خطے میں امن ہو یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے صرف خیبر پختونخوا خوا کا نہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوان اس ملک کی خاطر اور اس ملک کے امن کی خاطر روزانہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کر رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں تمام فیصلے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں تمام فیصلے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوتے ہیں، کسی کے ساتھ ناانصافی اورزیادتی نہیں ہوگی، حقدار کو اپنا حق ملے گا۔انہوں نے کہا کہ لیبر کالونیوں میں غیر قانونی اور غلط طریقے سے کوارٹر الاٹ کرنے کے خلاف کاروائی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ان کوارٹرز کو خالی کراکے ان مزدوروں کو الاٹ کئے جائینگے جو ان کے اصلی حقدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے لیبر کالونی مردان کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع انکے ہمراہ صوبائی وزیر خوارک ظاہر شاہ طورو،اراکین صوبائی اسمبلی اختشام ایڈووکیٹ،عبدالسلام آفریدی,ایڈیشنل سیکرٹری لیبر، ڈی جی ای ایس، ڈائریکٹر لیبر سمیت محکمہ محنت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر فضل شکورخان نے لیبر کالونی میں دی جانے والی سہولیات و درپیش مسائل بارے دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ لیبر کالونی میں مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھاکر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر بھی مزدور کو صوبائی حکومت کی طرف سے مقررکردہ اجرت نہیں ملتی تو ہم اس کے خلاف فوری ایکشن لینگے اور ملوث ہونے والوں کو قانون کے دائرہ کار میں لاتے ہوئے سزا دینگے، یہ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی اس میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ صوبائی وزیر نے ورکنگ فوکس گرائمر ہائیر سکنڈری سکول مردان کا بھی دورہ کیا۔ سکول کے پرنسپل نے صوبائی وزیر کو سکول کے مختلف سیکشنز اور لیبارٹریز کا تفصیلی دورہ کرایا اور سکول کے انتظامی امور اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائینگے۔ صوبائی وزیر نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں سکول میں پودا بھی لگایا اور پودوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سیاحتی شعبہ کو مزید فعال بنائیگا۔ مشیر سیاحت و ثقافت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے اسلام اباد میں ایک نجی ٹورازم ٹیکنالوجی کمپنی ”جیز مسافر” کے ہیڈآفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اتھارٹی اور نجی شعبے کے اشتراک سے ”آئی آف پاکستان” پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ اس پراجیکٹ کے تحت سیاحتی مقامات کی آن لائن اور ورچول تفریح کے علاوہ سیاحوں کو خاص ایپ کے ذریعے پیشگی سفری انتظامات اور موسم سمیت تازہ ترین معلومات تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی تاشفین حیدر، کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو سجاد خان، اتھارٹی کے منیجر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سیل عبدالبصیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ زاہد چن زیب نے پراجیکٹ اہلکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور شبانہ روز کاوشوں کو سراہا اور اعتراف کیا کہ سیاحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ صنعت زیادہ مستحکم اور فعال بنے گی نیز ہمیں اپنے قدرتی سیاحتی اور ثقافتی وسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سمیت زیادہ زرمبادلہ کمانے کے مواقع بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں ورچول ٹورازم کے ذریعے دنیا کے مختلف سیاحتی مقامات کو وہاں کا سفر کئے بغیر دیکھنے اور جانچنے کا رجحان بڑھ رہا ہے جو وی آر (ورچول رئیلٹی)، اے آر (اگمنٹڈ رئیلٹی) اور 360 ڈگری ویڈیوز سمیت ٹیکنالوجی کے استعمال سے ممکن ہے۔ زاہد چن زیب نے ٹیکنالوجی کی مد میں نجی شعبے کی صنعت سیاحت میں شمولیت، معیشت کی ترقی میں حصہ ڈالنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کردار کو بیحد سراہا۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ دور جدید میں محض ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر ملکی و غیرملکی سیاحوں کیلئے بہترین سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں جن میں آن لائن بکنگ فلیٹ فارمز، جدید نیویگیشن سسٹمز، موسم کی بروقت صورتحال اور سیاحتی مقامات کی ورچول رئیلٹی ٹورز شامل ہیں۔ انہوں نے سیاحوں کی آسانی کیلئے آن لائن ریزرویشن سسٹمز کو جدید بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت ہوٹلز، ٹرانسپورٹ اور گائیڈز کی خدمات تک رسائی آسان ہوگی اور سیاحت کے مواقع مزید بہتر ہوں گے جبکہ یہی”آئی آف پاکستان” پراجیکٹ کا ہدف بھی ہے۔ اس موقع پر زاہد چن زیب کی سربراہی میں محکمہ سیاحت و ثقافت اور کمپنی حکام کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا جس کے دوران خیبرپختونخوا میں سیاحت و ثقافت کے فروغ میں حائل دشواریوں اور انکے ازالہ کیلئے اقدامات کا اجمالی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے دوران ٹیلی کام کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو سجاد خان نے اپنی بعض اختراعی خدمات و مصنوعات کا جائزہ بھی پیش کیا جس میں موسم کی پیشن گوئی کا نظام ”ویدر والے، ایگری ٹیک پلیٹ فارم ” باخبر کسان” اور ان کے فلیگ شپ ٹورازم پلیٹ فارم ”جاز مسافر” شامل ہیں۔ انہوں نے باہمی اشتراک کے منصوبے ”آئی آف پاکستان” پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پاکستان بھر میں قدرتی تفریحی مقامات کی لائیو نمائش کے ساتھ ساتھ اضافی سہولیات جیسے سفری خطرات میں کمی، موسم کی تازہ صورتحال اور ڈیٹا شیئرنگ یقینی بنے گی اور اس کے ذریعے ڈیجیٹل سیاحت کو زبردست فروغ ملے گا۔ مشیر سیاحت نے کمپنی کی تخلیقی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نیا پراجیکٹ سیاحتی شائقین کو نہ صرف سفری بلکہ موبائل اور انٹرنیٹ کے ذریعے مختصر ترین وقت میں پاکستان کی خوبصورتی کا احاطہ کرانے میں معاون ثابت گا۔ زاہد چن زیب نے سیاحت کے شعبے کو آگے بڑھانے، اقتصادی ترقی کی نئی راہیں ڈھونڈنے اور پاکستان کے قدرتی حسن کی ڈیجیٹل عکاسی بڑھانے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات پر روشنی ڈالنے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور نجی شعبے کیلئے خیبرپختونخوا میں صنعت سیاحت کو مزید مربوط بنانے اور خوشحال مستقبل سے ہم کنار کرنے کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔