صوبائی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریم نواز کے بیان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ عمران خان کو شریف خاندان کی طرح پیسہ بیرون ملک منتقل کرنے پر سزا نہیں ہوئی بلکہ عمران خان تاریخ کے واحد وزیراعظم ہیں جنہیں فلاحی منصوبے پر سزا دی گئی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ القادر کیس میں پیسہ بیرون ملک نہیں گیا بلکہ پاکستان آیا۔انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی میں سیرت النبیؐ کی تعلیمات دی جاتی ہیں اگر سیرت النبیؐ کی تعلیمات کو فروغ دینا جرم ہے تو ہمیں اس جرم پر فخر ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ شکر ہے عمران خان کو شریف خاندان کی طرح کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے دھندوں پر سزا نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سزا پر خوشیاں منانے والے جلد ہی پچھتائیں گے، مریم نواز کو القادر یونیورسٹی ضبط ہونے اور اس کے تحویل میں آنے پر بہت خوشی ہے کیونکہ مریم نواز کو عمران خان کے منصوبے اپنے نام کرنے کی پرانی عادت ہے۔
وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور مشیر صحت کی ہدایت پر پاڑہ چنار کیلئے ایمرجنسی ادویات کی بھاری کھیپ روانہ
وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور مشیر صحت احتشام علی کی ہدایت پر ایمرجنسی ادویات کی بھاری کھیپ سیکرٹری صحت عدیل شاہ اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم کی نگرانی میں اپر کرم بھیج دی گئی ہے۔
سیکرٹری صحت عدیل شاہ کے مطابق یہ ادویات ایم ایس پاڑہ چنار کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حوالے کی جارہی ہیں۔
چار ہزار کلوگرام وزنی پچاس لاکھ مالیت کی ایمرجنسی ادویات حکومت خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 کے دو پروازوں کے ذریعے پہنچائی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مسلسل زمینی رابطے منقطع ہونے اور شدید سرد موسم کی وجہ سے کرم میں ادویات کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ نے یہ بھی بتایا کہ ایم ایس پاڑہ چنار نے ادویات کی کمی کی پیشگی اطلاع دی تھی، جس پر محکمہ صحت نے بحران سے قبل ہی ادویات فراہم کردی ہیں۔ ایمرجنسی کے علاوہ اپر اور لوئر کرم کے لیے معمول کی خریداری کی ادویات بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھیجی جارہی ہیں
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا پاکستانی جی ڈی پی پر ردعمل
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے پاکستانی جی ڈی پی پر ردعمل میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی جی ڈی پی مالی سال 2025 کیلئے 3.2 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کر دیا ہے،شہباز شریف/ پی ڈی ایم حکومت میں جی ڈی پی شرح مالی سال 2023 میں منفی 0.2 فیصد رہی ہے جبکہ مالی سال 2024 میں 2.5 فیصد اور 2025 میں 3.0 فیصد کی پیروی کر رہے ہیں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت میں جی ڈی پی مالی سال 2022 میں 6.18 فیصد، 2021 میں 5.77 فیصد تھی جبکہ 2020 میں کرونا وائرس کی وجہ سے منفی 0.94 فیصد رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کساد بازاری (recession) ہے موجودہ وفاقی حکومت میں معیشت خون کی کمی کا شکار ہے۔
کے پی سپورٹس فیسٹ آٹو کراس مقابلے اختتام پذیر ہوگئے
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام کے پی سپورٹس فیسٹ (آٹو کراس) کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ حسن نے فرنٹ وہیل ڈرائیو میں 46 سکنڈزکے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، حسنات احمد 49 سکنڈز کے ساتھ دوسرے اور حارث خان 50 سکنڈز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ ریس میں ملک بھر سے سو سے زائد گاڑیوں نے چھ مختلف کیٹگریز میں شرکت کی، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خیبرپختونخوا عبدالناصر نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نعمت اللہ،ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ اور ایڈمنسٹریٹر جعفر شاہ، فدا محمد اور حنیف خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقدہ اپنی نوعیت کا منفرد اور خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا آٹو کراس موٹر سپورٹس فیسٹول میں سو سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس عبدالناصر نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد صوبے میں موٹر سپورٹس کو فروغ دینا ہے۔ مذکورہ ایونٹ کا انعقاد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق سرانجام دیا جارہا ہے اور سپورٹس کی یہ سرگرمیاں صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان کی قیادت میں ایک تسلسل کیساتھ منعقد کی جاری ہیں۔
مشیر صحت کی ہدایت پر محکمہ صحت کی شکایات و آرا سے متعلق ای کھُلی کچہری کا انعقاد
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختوخواکے عوامی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے محکمہ صحت سے متعلق سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ فیس بک پر براہ راست ای کھُلی کچہری کے ذریعے عوامی شکایات سنیں۔ انہوں نے پہلے سے درج شدہ 450 شکایات و آرا ء کا تجزیہ کیا۔ ان میں شکایات اور محکمہ صحت کی بہتری کیلئے آرا بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکتر محمد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری فیاض شیرپاو، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ حبیب اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔ مشیر صحت احتشام علی نے کھُلی کچہری کے دوران آئی ایچ پی ملازمین کیلئے ایک مہینے کی تنخواہ جاری کرنے، انٹی گریٹڈ ویکٹر کنٹرول پروگرام کے مستقل شدہ ملازمین کی تنخواہوں کی ریلیز پر عملدرآمد کے احکامات جاری کردئے۔ انہوں نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں انڈکشن، آن لائن پوسٹنگ ٹرانسفر، مختلف ہسپتالوں میں خدمات سے متعلق شکایات سنیں اور ان کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کیں۔ مشیر صحت احتشام علی کھلی کچہری کے دوران مختلف شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان معاملات سے متعلق تحقیقات کرکے فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کی زیرصدارت خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے خیبرپختونخوا میں انسدادِ پولیو سے متعلق ایک اہم ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی.اجلاس میں خیبرپختونخوا میں نئے سامنے آنے والے کیسز کے تناظر میں اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں انسدادِ پولیو اقدامات کا خصوصی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت، ڈی آئی خان، بنوں ڈویژن کے کمشنرز، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام، پولیو کے صوبائی اور وفاقی حکام نے شرکت کی.اجلاس کو محکمہ صحت حکام نے متاثرہ علاقوں میں حالیہ صورتحال کے تناظر میں اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نئی حکمت عملی کے تحت مختلف آپشنز پر کام شروع کردیا گیا ہے جس میں مقامی عمائدین، مشران اور دیگر با اثر افراد کی حمایت سے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں عوامی حمایت، تعاون اور شمولیت کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو میں مقامی عمائدین اور مشران کا تعاون ناگزیر ہے اور ہمارا ٹارگٹ ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی مشن ہے جس کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
پولٹری کوآپریٹیو سوسائٹی خیبرپختونخوا کے وفد نے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی
پولٹری کوآپریٹیو سوسائٹی خیبرپختونخوا کے وفد نے خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی سے انکے دفتر پشاور میں ملاقات کی،ملاقات میں پولٹری کوآپریٹیو سوسائٹی خیبرپختونخوا کے سٹیک ہولڈرز اور نمائندگان شامل تھے وفد نے صوبائی وزیر فضل حکیم خان کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے مطالبات بھی پیش کئے وفد نے پولٹری انڈسٹری میں خیبر پختونخوا اور دیگر صوبوں کا موازنہ پیش کیا اور صوبائی وزیر سے خیبر پختونخوا کی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لئے حکومتی سپورٹ فراہم کرنے کیلئے استدعا کی اور کہا کہ ہر قسم جائز ریلیف فراہم کی جائے تاکہ اس اہم انڈسٹری کو مزید ترقی مل سکے، وفد سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہماری خواہش ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت سے پولٹری فارمز کو ہر قسم جائز ریلیف فراہم کیا جائے اور اور مزید ترقی پر گامزن کریں انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کو عوامی مفاد انتہائی عزیز ہے اور عوام کی بہتر سہولیات کیلئے ہر سیکٹر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور انشائاللہ خیبرپختونخوا میں پولٹری فارمز کو مزید ترقی دی جائے گی انہوں نے فد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پولٹری فارمز کے حوالے سے اپنے تجاویز اور جائز مطالبات پیش کئے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن کوہاٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور محکمے کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی اس موقع پر چیئرمین ڈیڈک کوہاٹ شفیع جان, ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی اور محکمے کے متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے, صوبائی وزیر کو ڈویژن میں مجوزہ،نئے اورجاری ترقیاتی منصوبوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، اور نکاسی آب کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی پختون یار خان نے مفاد عامہ کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں انہوں نے تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی شفیع جان ایم پی اے اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیر موصوف کے ساتھ علاقے میں پانی اور صحت عامہ کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان کے حل کیلئے مفید اور قابل عمل تجاویز بھی دیں صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ پختون یار خان نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کوہاٹ میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواسردار علی امین خان گنڈاپور کی ہدایات کی روشنی میں پارٹی قائد عمران خان کی وژن کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے مفاد عامہ کو ترجیح دی جارہی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صحافیوں سمیت محمد اسرار مدنی اور مولانا تحمید جان ازہری بھی موجود تھے۔دورے کے دوران دارالعلوم حقانیہ کے مختلف شعبہ جات، تعمیراتی منصوبوں، جامع مسجد مولانا عبدالحقؒ، ایوان شریعت ہال، اکیڈمک بلاک اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے جدید مرکزی لائبریری، دفاتر، کمپیوٹر لیب، شعبہ تخصیصات اور درسگاہوں کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر بیرسٹر سیف نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم حقانیہ نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ جنوبی ایشیا کا ایک اہم دینی ادارہ ہے۔ انہوں نے شیخ الحدیث مولانا عبدالحق ؒ اور مولانا سمیع الحق شہیدؒ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ حقانیہ کا علمی کردار پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ مذہبی اور مسلکی ہم آہنگی پرامن معاشرے کی بنیاد ہے اور اس حوالے سے دارالعلوم حقانیہ سمیت تمام مدارس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دارالعلوم حقانیہ کے کردار کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھتی ہے اور اس باہمی تعلق کی قدر کرتی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ یہ علم اور دلیل کا دور ہے، اور ہمیں اپنی قوت استدلال اور علم کے ذریعے دنیا کو متاثر کرنا ہوگا۔ انہوں نے جامع مسجد مولانا عبدالحقؒ اور جدید اکیڈمک بلاک کو اسلامی طرز تعمیر کی منفرد مثال قرار دیا اور کہا کہ دارالعلوم حقانیہ کی تعلیمی کارکردگی کسی بھی اعلیٰ یونیورسٹی کے معیار کے سے کم نہیں۔اس موقع پر نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع نے کرم میں شیعہ سنی تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنے میں مرکزی کردار ادا کرنے پر بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم حقانیہ نے ہمیشہ فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر شیعہ سنی سمیت دیگر مسالک کے درمیان ہم آہنگی کے لیے کوششیں کی ہیں۔مولانا راشد الحق سمیع نے کہا کہ اسلام تکریم انسانیت کا درس دیتا ہے، اور اس درسگاہ کا بنیادی مقصد دعوت فکر و عمل کے ذریعے ایک پرامن اور مہذب معاشرے کی تشکیل ہے۔دورے کے موقع پر مولانا راشد الحق سمیع نے جامعہ حقانیہ کی مطبوعات اور اعزازی شیلڈ بھی بیرسٹر ڈاکٹر سیف کو پیش کیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے حکام کو بونیر ماربل سٹی کے قیام کے سلسلے میں اقدامات تیز کرتے ہوئے ایک مہینے میں تمام معاملات طے کرنے کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ صنعتی منصوبہ علاقے کی مجموعی ترقی و خوشحالی کا آئنہ دارہے جس کے ذریعے نہ صرف علاقے میں بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی ترقی کا محرک بھی بنے گا لہذا محکمہ صنعت اور مقامی انتظامیہ اس سلسلے میں اپنی متعین ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ اس منصوبے کی ڈیولپمنٹ کا باقاعدہ اغاز جلد از جلد ممکن ہوسکے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں بونیر ماربل سٹی کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عامر آفاق کے علاؤہ سپیشل سیکریٹری صنعت انور خان،ایڈیشنل سیکریٹری ریحان گل خٹک،ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم،خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو ڈپٹی کمشنر بونیر نے مذکورہ اہم صنعتی منصوبے کے حوالے سے مجوزہ اراضی کے حصول اور دیگر پہلوؤں میں انتظامیہ کی ذمہ داریوں اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس موقع پر فورم نے خیبر پختونخوا ایزڈمک کے حکام کو مقامی انتظامیہ کیساتھ مشترکہ طور پر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ مختلف محکموں سے جڑے مراحل میں اس منصوبے کو ترجیحی طور پر آگے لے جایا جائے تاکہ طویل عرصے سے زیر التوا اس منصوبے کو جلد از جلد شروع کیا جاسکے۔انھوں نے ایک مہینے کے عرصے میں تمام درکارمعاملات کو حل کرنے کی ہدایت کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے صحت وتعلیم سمیت انسانی ترقی کی دیگر متعدد سہولیات علاقے میں آسکیں گی۔
