پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے قائد عمران خان کی کال پر آج اسلام آباد میں ہونے والے عظیم الشان جلسے میں ملاکنڈ ڈویژن کے کارکنوں کو بھر پور شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، پی ٹی آئی ٹائیگرز اس جلسہ میں اپنی بھر پور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ فارم 47 کے تحت بننے والی وفاقی حکومت جان سکے کہ عوام اب بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ہیں، کارکنان دوپہر 1 بجے میلہ ڈاگ مینگورہ پہنچیں جہاں سے مینگورہ کا قافلہ روانہ ہوگا اس سلسلے میں پورے ملاکنڈ ڈویژن کے تمام ممبران اسمبلی کو بھی مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ 2 بجے تک اپنے اپنے قافلوں کے ہمراہ چکدرہ انٹر چینج پہنچ جائے جبکہ 3بجے صوابی انٹر چینج سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی قیادت میں جلسہ میں شرکت کیلئے روانگی ہوگی ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس اسلام آباد جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد ہوا تھا جس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات ایم پی اے اختر خان ایڈوکیٹ، ایم این اے سلیم الرحمان، ایم پی اے سلطان روم، پی ٹی آئی مینگورہ سٹی صدر حیدر علی، خلیل احمد اور دیگر بھی موجود تھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ آج کا جلسہ پاکستان کا تاریخی جلسہ ثابت ہوگا اس ملک کو عمران خان کی ضرورت ہے عمران خان ہی اس ملک کی تقدیر بدلے گا انہوں نے کہا پاکستانی عوام عمران خان کو جلد از جلد جیل سے رہائی کے منتظر ہیں ملاکنڈ ڈویژن کے کارکنان صوابی پہنچ کر وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہونگے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک، ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ فوڈ سکیورٹی کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک، ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ فوڈ سکیورٹی کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے محکمہ زراعت، آبادی، آبپاشی اور محکمہ خوراک کو ایک مربوط نظام کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ایک دوسرے کے اچھے اقدامات اور تجربات سے سیکھنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام لاہور میں فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ دوسری کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا کی سالانہ گندم کی پیداوار 1.5 ملین میٹرک ٹن ہے جبکہ صوبے کی سالانہ ضرورت 5 ملین میٹرک ٹن ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے خیبرپختونخوا پنجاب سے گندم خریدتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ہے، لیکن اس ذخیرہ کو محفوظ بنانے کے لیے گوداموں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ صوبائی حکومت گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ، کسانوں اور پاسکو سے گندم خریدتی ہے۔ انہوں نے کانفرنس میں گندم کی خریداری کے عمل میں درپیش چیلنجز کا بھی تفصیلی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے گندم اور آٹا کی سپلائی چین میں جگہ جگہ چیک پوسٹوں پر رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں، جنہیں ختم کرنے کے لیے پنجاب حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ درآمد شدہ گندم کے معیار کی جانچ پڑتال کی جانی چاہیے اور مستقبل کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب ہونا چاہیے۔ ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے گندم کی ٹرانسپورٹیشن اور محکمانہ امور کو ڈیجیٹائز کر دیا ہے اور مزید بہتری کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے علاج کے بجائے احتیاطی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔ صوبائی حکومت نے احتیاطی اقدامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور اس مقصد کے لیے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کو خوراک کی جانچ کے لیے جدید مشینیں فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر خوراک نے کانفرنس کے شرکاء کو خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جدید مشین ”ملکو سکین” کے ذریعے دودھ کے نمونوں کی جانچ کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت بہت جلد تیل و گھی، مشروبات، پاپڑ اور دیگر خوراکی اشیاء کی سائنسی بنیادوں پر ٹیسٹنگ کا آغاز کرے گی۔
مشیر کھیل سید فخر جہان کی پیراپلیجک سینٹر پشاور آمد، فرینڈز آف پیراپلیجکس کے زیراہتمام افراد باہم معذوری میں کاروبار کیلئے امدادی چیک تقسیم کئے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے بدھ کو پیراپلیجک سنٹر حیات آباد پشاور میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جہاں پر انھوں نے ”اپنا روزگار پروگرام” کے تحت باہم معذور ہنرمند افراد میں کاروبار کیلئے امدادی چیک تقسیم کئے جس کا اہتمام فرینڈز آف پیراپلیجکس، امریکی امدادی ادارے ایکولی ایبل اور پیراپلیجک سنٹر نے باہمی اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر صوبہ کے تمام اضلاع سے میرٹ کی بنیاد پر کوالیفائی کرنے والے 16 افراد باہم معذوری کو فی کس ایک لاکھ چالیس ہزار روپے کے چیک دیئے گئے جن میں ایک معذور خاتون بزنس ویمن بھی شامل ہے۔ پیراپلیجک سنٹر کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس، ڈائریکٹر ری ہیب امیر زیب، سینئر فزیوتھراپسٹ گوہر رحمان، فرینڈز آف پیراپلیجکس کے چیئرمین ثناء اللہ، وائس چیئرمین احسان اللہ، جنرل سیکرٹری عرفان اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر پشاور حسینہ کامران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید فخر جہان نے تقریب سے خطاب میں وسائل کی قلت کے باوجود افراد باہم معذوری کے علاج اور مکمل بحالی، انکی ضروریات کے مطابق وہیل چیئرز اور مصنوعی سہارا جات کی تیاری، پیدائشی ٹیڑھے پاؤں والے بچوں (کلب فٹ)، پولیو اور آٹزم کے شکار بچوں کے مکمل علاج کی سہولیات پر پیراپلیجک سنٹر کی انتظامیہ بالخصوص چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد الیاس کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج سے وہ خود بھی پیراپلیجک سنٹر اور فرینڈز آف پیراپلیجکس کے رضاکار کے طور پر کام کرینگے۔ انہوں نے پیراپلیجک سنٹر کے سپورٹس ایرینا کیلئے فوری کھیلوں کا سامان مہیا کرنے جبکہ وزیراعلی سے رابطہ کرکے صوبائی حکومت کی جانب سے سنٹر کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے کم از کم ایک ارب روپے سیڈ منی رکھنے کی یقین دہائی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اگلے مہینے محکمہ یوتھ افئیرز کے ذریعے نوجوانوں کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے بلاسود جبکہ احساس کلسٹر پروگرام کے تحت ایک ایک کروڑ روپے قرضے کی سکیم متعارف کر رہی ہے جس میں پیراپلیجک سنٹر کی سفارش پر افراد باہم معذوری کیلئے الگ کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ مشیر کھیل نے سنٹر کے دیگر مسائل کے حل کیلئے گاہے بگاہے یہاں کا دورہ کرنے کی یقین دہانی بھی کی۔ چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد الیاس نے اختتامی کلمات میں ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور سنٹر سے مخلصانہ تعاون پر مشیر کھیل اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے متعلقہ حکام کو شاہ منصور ٹاؤن شپ صوابی کے ترقیاتی
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے متعلقہ حکام کو شاہ منصور ٹاؤن شپ صوابی کے ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور اس اہم ہاؤسنگ سکیم کے رہائشیوں کو ہر لحاظ سے درکار سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تعمیراتی ماسٹر پلان میں رہائشیوں کیلئے ضروری تفریحی،مواصلاتی اور طرز معاشرت کے مکمل سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔معاون خصوصی نے کہا کہ منصوبے کے لئے فالوقت درکار مالی ضروریات کے حل کیلئے وہ متعلقہ فورمز پر بات کرنے کیلئے تعاون فراہم کریں گے جبکہ مستقبل میں اس ہاؤسنگ سکیم کی کامیابی اور مستقل پائیداری کیلئے ایک بہتر بزنس ماڈل کے تحت اس کے امکانی کمرشل زونز کو ڈویلپ کیا جائے تاکہ شہری رہائش کیلئے علاقے میں یہ ایک کامیاب اور تمام آسائشوں سے آراستہ ہاؤسنگ منصوبہ قرار پائے۔یہ ہدایات انھوں نیبدھ کے روز اپنے دفتر میں اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے حکام سے شامنصور ٹاؤن شپ کے حوالے سے لی جانے والی بریفنگ کے موقع پر جاری کئے۔بریفنگ میں اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر رشید خان پائندہ خیل و دیگر حکام موجود تھے جبکہ معاون خصوصی کو اتھارٹی کی ڈائریکٹر آمنہ امین نے اس رہائشی منصوبے کے ترقیاتی عمل کے مجموعی صورتحال،مختکف سیکٹرز کی ڈویلپمٹ،ائندہ کے مجوزہ سہولیاتی پلان،جاری ترقیاتی کام اور حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا کہ سکیم کے مختلف حصوں کی بیوٹیفیکیشن کا خیال رکھا جائے اورمتعلقہ رہائشیوں کے مسائل کے ازالے کیلئے مشاورت میں انکی آرا کو شامل کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ اس رہائشی منصوبے میں عوام کیلئے کثیر المقاصد تفریحی سرگرمیوں کیلئے پارکس اور موزوں جگہوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے جبکہ معیاری تعلیمی سہولیات کیلئے بھی منصوبے میں ضروری انفراسٹرکچر رکھا جائے۔انھوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی اور سہولیات سے لیس کرنے کیلئے ان کے کمرشل مقامات کو بروئے کار لانے کیلئے ایک معقول بزنس ماڈل پر عمل درآمد کیا جائے جس کے سلسلے میں کے پی ایزڈمک کے تیکنیکی تجربات پر مبنی خدمات بھی اتھارٹی کو فراہم کی جاسکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ صوابی میں پر آسائش اور شہری رہائش کیلئے حکومت کا یہ ایک اہم سرکاری منصوبہ ہے اور ہماری خواہش ہے کہ یہاں کے رہائشیوں کو کسی بھی معیاری رہائشی منصوبے میں درکار تمام سہولیات یہاں فراہم کی جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مینڈیٹ چور مریم نواز غلط فہمی میں مبتلا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مینڈیٹ چور مریم نواز غلط فہمی میں مبتلا ہے کہ وہ پنجاب کی اصلی وزیر اعلیٰ ہیں۔ ٹاک ٹاکر وزیر اعلیٰ نے پولیس کے ڈی پی اوز کو انٹرویو کے لیے جاتی امرا طلب کیا۔ فارم 47 کی وزیر اعلیٰ افسران کو جاتی امرا بلا کر ان کی تعیناتی کے فیصلے کرتی ہیں، بعد میں ان افسران کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرتی ہیں، سرکاری افسران کو جاتی امرا بلاکر تعیناتی کرنا شریف خاندان کا پرانا وطیرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور شریف خاندان پرانے پٹواری ذہنیت کیساتھ حکومت چلا رہا ہے، پولیس حکام کی تعیناتی کا واحد میرٹ پی ٹی ورکرز کو دبانا ہے، جو پولیس افسر پی ٹی آئی ورکرز کے خلاف ظلم وبربریت کرے تو اس کو ترقی دی جاتی ہے۔ مریم نواز فسطائیت کے نئے ریکارڈ بنارہی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مینڈیٹ چور ٹولہ کچھ بھی کرلے عمران خان اور انکے ورکرز کو نہیں توڑواسکتے۔ عمران خان کے خلاف جاہل ٹولے نے ہر حربہ استعمال کیا مگر وہ ناکام رہا،انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوروں سے تمام مظالم کا بدلہ لیا جائے گا۔
صوبائی وزیرایکسائزنے نوشہرہ پبی کے عوام کے لیے بی آر ٹی بس سروس کا افتتاح کیا
خیبر پختونخوا کے وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمن نے رکن صوبائی اسمبلی اشفاق خان کے ہمرہ نوشہرہ پبی کے عوام کے لیے بی آر ٹی بس سروس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ایکسائز خلیق الرحمن نے کہا کہ پبی نوشہرہ کے عوام کو آمدورفت کی سہولیات دینے اور ان کی سفری مشکلات کو کم کرنے کے لئے حکومت خیبر پختونخوا کا پشاور سے پبی تک بی آر ٹی بس چلانے کا اقدام ایک بہت اہم فیصلہ اور ضلع نوشہرہ کے لوگوں کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی بس سروس کے ذریعے سینکڑوں لوگ روزانہ کی بنیاد پر پشاور سے پبی اور پبی سے پشاور ایک انتہائی ارام دہ اور پرسکون طور پر محفوظ سفر کی سہولت سے مستفید ہونگے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وہ دن رات اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں اور محدود وسائل کے باوجود اس طرح کے مزید منصوبوں کا آغاز کرنے کے لئے ان کے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے مذکورہ منصوبے کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کیا کہ اس کی بدولت ضلع نوشہرہ کے عوام بہتر سہولت سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کی مکمل کوشش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کررہا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک میں سستی بجلی خیبر پختونخوا پیدا کررہا ہے اور خیبرپختونخوا کی سستی بجلی وفاق ہمیں مہنگے داموں بیچ رہا ہے۔ جو صوبہ سستی بجلی پیدا کررہا ہے اسے بجلی اور بلوں میں ریلیف سے محروم رکھا گیا، فارم 47 کے ایک ایم این اے کے پاس بجلی کے بلوں میں کمی کے اعلان کا قانونی اختیار نہیں،وفاق خیبر پختونخوا کے بجلی کے اربوں کے بقایاجات ادا کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چور وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے بقایاجات پر سانپ بن کر بیٹھا ہے، مینڈیٹ چور نے صرف پنجاب کے لئے قومی خزانہ کھلا رکھا ہے۔ بجلی ریلیف کے سب سے زیادہ حقدار اور مستحق خیبر پختونخوا کے عوام ہیں، فارم 47 سرکار نے پورے ملک کی بجائے صرف پنجاب میں صارفین کو ریلیف دی ہے۔ مینڈیٹ چور کے فیصلوں سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی مزید بڑھیں گا۔ مینڈیٹ چور ٹولہ ملک کو ایک اکائی کے بجائے تقسیم کی طرف لیجارہا ہے۔
کاروباری طبقے کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے منگل کے روز ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اور بیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، حلال فوڈ اتھارٹی، خیبر پختونخوا ریو نیو اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اور بیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ہوٹلوں اور بیکریوں سے متعلق کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے ہوٹلوں اور بیکریوں کے مالکان کو درپیش مسائل کو توجہ سے سنتے ہوئے انھیں حل کرنے کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقے کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت مستحکم معیشت کیلئے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ ان کاروباروں سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کاروباری حضرات کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور ا سی طرح ہوٹلوں اوربیکریز کے مالکان اپنے ہوٹلوں اور دیگر عوامی مراکز پر صحت و صفائی اور عوام کے لئے معیاری خوردونوش کی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسوں کے معاملات پرکاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور حکومتی سطح پر شفافیت کا عنصر برقرار رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔اسی طرح انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کا تاجران کے ساتھ روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ ایم پاکس کیلئے مسافروں کی سکریننگ کا جائزہ لینے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے
خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ ایم پاکس کیلئے مسافروں کی سکریننگ کا جائزہ لینے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے۔ وزیر صحت نے ایم این اے ارباب شیرعلی اور ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی کے ہمراہ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔ انچارج بارڈر ہیلتھ سروسز باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ ڈاکٹر فریض الدین نے وزیر صحت کو فلائٹ سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ بارے بریفنگ دی۔وزیر صحت نے فلائیٹ سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کا خود معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی وبا کو ریسپانڈ کرنے سے بہترہے ہم احتیاط بھرتیں اور سکریننگ پر زیادہ توجہ دیں۔ ان کے مطابق ایم پاکس کے ممکنہ پھیلاو سے بچنے کیلئے سکریینگ پر زور دے رہے ہیں۔ بارڈر اور ائیرپورٹ سے آنے والے مسافر سکریننگ میں عملے کیساتھ تعاون کریں۔ پختونخوا کوویڈ جیسے دوسرے وبا کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وزیر صحت نے اس موقع پر بتایا کہ ایم ٹی آئیز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ او پی ڈی کے دوران ایم پاکس کے علامات رکھنے والے مشتبیہ مریضوں کو فوری آئسولیٹ کرکے انہیں آئسولیشن وارڈ ریفر کریں جہاں سے ان کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھجوائے جائینگے تاکہ اس کا تجزیہ ہوسکے کہ مریض کو ایم پاکس لاحق ہوگیا ہے یا نہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک کلیڈون کا کوئی کیس سامنے نہیں جبکہ کلیڈ ٹو اتنا خطرناک اور جان لیوا نہیں۔
وزیر صحت کا پختونخوا کے ڈیڑلاکھ آٹیزم کے شکار بچوں کی ذہنی بحالی کیلئے احسن اقدام
خیبرپختونخوا کے وزیر برائے صحت سید قاسم علی شاہ نے پختونخوا میں ڈیڑلاکھ آٹیزم کے شکار بچوں کی ذہنی بحالی کیلئے صوبے میں پاکستان کے پہلیا اٹیزم تھراپیوٹڑک کلینکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان کلینکس میں آٹیزم کا شکار بچوں کا علاج نو پروفیٹ نو لاس کی بنیاد پر ہوگا، اور یہ کلینکس پشاور، ہری پور، مردان، چارسدہ، مانسہرہ، صوابی، چترال ڈیرہ اسماعیل خان، سوات، دیر میں قائم کئے جائینگے۔ آٹیزم سوسائٹی آف پاکستان کے 2023 کے اعداد و شمار مطابق پختونخوا میں ایک لاکھ پچاس ہزار بچے آٹیزم کا شکار ہیں اور ان بچوں کی ذہنی بحالی کیلئے سرکاری سطح پر کوئی کلینک یا علاج کا انتظام میسر نہیں ہے۔ ان میں سے زیادہ تر بچے دور افتاد علاقوں سے تعلق رکھتے جن کے علاج معالجے اور ذہنی بحالی کے لئے کوئی مرکز موجود نہیں۔ وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کے مطابق نارمل زندگی گزارنا ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور کسی بھی بچے کو اس کی ذہنی کیفیت یا سماجی پس منظر کی بنیاد پر معاشرے سے علیٰحدہ کرنا پسماندہ ہونے کا ثبوت ہے۔ اگر ان بچوں کی ذہنی بحالی کو مقدم رکھا جائے تو یہ بچے ہماری ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس بابت محکمہ صحت اور آٹیزم اینڈ لرننگ ڈسیبیلیٹیز آرگنائزیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت آٹیزم کا شکار بچوں کی ذہنی بحالی کیلئے ضلعی ہسپتالوں میں کلینکس قائم کئے جائینگے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق آئندہ پانچ سالوں کیلئے صوبے کے دس اضلاع میں آٹیزم کلینکس قائم کئے جائینگے۔ محکمہ صحت ضلعی ہسپتالوں میں آٹیزم کلینکس کیلئے جگہ و وسائل فراہم کرے گا،ان کیلینکس میں نفسیاتی ماہرین پر مشتمل عملہ تعینات ہوگا جو کہ آٹزم کے شکار بچوں کی ذہنی بحالی کیلئے خدمات انجام دیگا۔
