کرک سیف سٹی پراجیکٹ کو ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے پروزیر زراعت اور چیئرمین ڈیڈاک کرک کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا تہہ دل سے شکریہ

خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال اور چیئرمین ڈیڈاک کرک ایم پی اے خورشید خٹک نے ایک ارب روپے سے زائد لاگت کے کرک سیف سٹی پراجیکٹ کو آئندہ مالی سال کے اے ڈی پی کی سفارشات میں باقاعدہ طور پر شامل کرنے پر تمام خٹک زینہ کی جانب سے وزیر اعلیٰ سردار علی امین خان گنڈاپور کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم پراجیکٹ کی تکمیل سے امن و امان سمیت کرک سٹی کے ماحول اور دیگر اہم ایشوز پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔منصوبے میں پورے کرک سٹی، تنگوڑی چوک، کے ڈی اے، نیا بننے والا بائی پاس اور کالج سمیت بنیادی اہمیت کے حامل تمام پاکٹس شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم پراجیکٹ پر پوری قوم قائد عوام عمران خان اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی بیحد مشکور ہے۔دریں اثناء وزیر زراعت نے عوام کو خوشخبری دی کہ وزیر اعلیٰ نے صحت و خزانہ کے محکموں کو بی ایچ یو منڈوہ اور بی ایچ یو شاہیدان کی باقاعدہ ایس این ای کی منظوری سمیت تمام لوازمات پورا کرنے اور فوری طور پر فعال کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔اسی طرح چیئرمین ڈیڈاک و ایم پی اے خورشید خٹک اور ایم این اے شاہد خٹک کی خصوصی ہدایات پر صابر آباد اور مخ بانڈہ واٹر سپلائی سکیموں پرسولرائزیشن کا کام مکمل ہو چکا ہے اور بہت جلد ان سکیموں سے متعلقہ علاقوں کو پینے کے پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی جو یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

مزید پڑھیں