اپر چترال میں ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا ثریا بی بی کی ریلیز کردہ فنڈز سے گاؤں درو (تریچ) میں پروٹیکشن وال کی تعمیر جاری ہے۔ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر شعبے میں سرگرم عمل ہے۔ خواہ ترقیاتی منصوبے ہو، سیلاب سے متاثرہ علاقے ہو یا قدرتی آفات سے مستقل تحفظ کے لیے حکمت عملی تحریک انصاف کی حکومت بلا تفریق خدمات انجام دے رہی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ گاؤں درو،جو دریائے تورکہو اور دریائے تریچ کے سنگم واقع ہے میں ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیرنگرانی پروٹیکشن وال کی تعمیر جاری ہے۔ اس پروٹیکشن وال کی تکمیل سے گاؤں درو،کو دریا کی کٹائی اور سیلاب جیسی قدرتی آفات سے تحفظ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میرٹ پر مبنی اور بلا امتیاز ترقیاتی کاموں پر یقین رکھتی ہے۔ حالانکہ جنرل الیکشن 2024 میں پولنگ اسٹیشن درو (تریچ) سے پی ٹی آئی کو صرف 26 ووٹ ملے جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں کو 95 فیصد سے زائد ووٹ پڑے اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے علاقے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا۔اس سے قبل مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کے فنڈز سے گاؤں درو کے لیے لنک روڈ کی تعمیر بھی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ گاؤں سوروحت میں بھی پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں۔ اس سال ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخواہ کی فراہم کردہ فنڈز سے سول ایریگیشن چینلز کے منصوبے بھی مکمل ہو چکے ہیں۔جبکہ پروٹیکشن وال کی تعمیر کے لیے ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی ثریا بی بی نے انتھک محنت کے بعد فنڈز ریلیزکو ممکن بنایا۔ اس منصوبے کو منظوری اور عملی شکل دینے میں ایم این اے چترال عبداللطیف، مشیر برائے اقلیتی امور وزیر زادہ، اور پاکستان تحریک انصاف تریچ و چترال کی قیادت اور کارکنان داد کے مستحق ہیں جنہوں نے منصوبے کی نشاندہی اور تکمیل میں بھرپور کردار ادا کیا۔