
وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمان کی قیادت میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے پالیسی سازوں اور صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین پر مشتمل وفد نے فلپائن کا مطالعاتی دورہ کیا، جس کا مقصد فلپائن کے قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام PhilHealth کے تجربات، نظام اور اصلاحات سے استفادہ کرنا تھا۔دورے کے دوران وفد نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (ADB) کے نمائندگان سے ملاقات کی، جہاں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے فروغ، صحت کے مالیاتی ماڈلز، ڈیجیٹل ہیلتھ سسٹمز اور عوام تک صحت کی سہولیات کی رسائی بڑھانے کے حوالے سے مختلف ممالک خصوصاً بھارت اور مشرق بعید کے ممالک کے تجربات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فلپائن کے قومی ہیلتھ انشورنس پروگرام PhilHealth کے حکام نے وفد کو ادارے کے مختلف پروگرامز اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد کو YAKAP Primary Care Benefit Package کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد حفاظتی و احتیاطی صحت، آؤٹ پیشنٹ سروسز اور بنیادی مراکز صحت کو مضبوط بنانا ہے۔وفد نے PhilHealth کے آئی ٹی بیسڈ کلیمز مینجمنٹ سسٹم، ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کی ایکریڈیٹیشن، کیس بیسڈ پیمنٹ سسٹم اور صحت کی سہولیات میں معیار اور نگرانی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صحت کے شعبے میں جدید اور کامیاب عالمی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے صوبے میں عوام کو معیاری، قابلِ رسائی اور پائیدار صحت کی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلپائن کے PhilHealth ماڈل سے حاصل ہونے والے تجربات کو خیبر پختونخوا کے صحت کارڈ پلس اور جواندون کارڈ (OPC اسکیم) کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لازمی اندراج، مضبوط رسک پولنگ، ڈیجیٹل کلیمز اور پرووائیڈر مینجمنٹ، بنیادی صحت کی سہولیات کی مضبوطی اور معیارِ صحت کی مؤثر نگرانی ایسے اہم شعبے ہیں جن سے خیبر پختونخوا اپنے ہیلتھ فنانسنگ اور یونیورسل ہیلتھ کوریج کے نظام کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمن حکومت اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے حاصل ہونے والے عالمی تجربات کو خیبر پختونخوا کے مقامی حالات اور ضروریات کے مطابق ڈھالتے ہوئے صحت کی سہولیات کو مزید عوام دوست، مؤثر اور پائیدار بنایا جائے گا۔خلیق الرحمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہر شہری کو بروقت اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی اور جدید ٹیکنالوجی، مضبوط بنیادی صحت کے نظام اور مؤثر ہیلتھ فنانسنگ کے ذریعے صوبے میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے مقصد کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
