خیبرپختونخوا کے وزیر صحت خلیق الرحمان کی زیر صدارت محکمہ صحت سیکرٹریٹ میں عملے کی موجودہ پوزیشن اور انتظامی امور کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت کو سیکرٹریٹ میں موجود عملے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے وزیر صحت کو مختلف شعبہ جات میں تعینات عملے، خالی آسامیوں اور انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے ممکنہ ردوبدل کے حوالے سے آگاہ کیا۔اجلاس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ بعض شعبہ جات میں کام کے دباؤ کے باعث مزید عملے کی ضرورت ہے جبکہ کچھ حصوں میں ذمہ داریوں کی بہتر تقسیم کے ذریعے کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں عملے کی بہتر ترتیب و تنظیم اور مؤثر استعمال کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ محکمہ صحت کی مؤثر کارکردگی کے لیے ایک منظم اور مربوط انتظامی ڈھانچہ نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عملے کی تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اور خالی آسامیوں کو جلد از جلد پُر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ ادارہ جاتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محکمہ صحت سیکرٹریٹ کے مختلف شعبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور ٹیم ورک کو فروغ دیا جائے تاکہ سرکاری امور اور عوامی صحت سے متعلق اقدامات کو تیز رفتار اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان نے وزیر صحت کو یقین دلایا کہ عملے کے انتظام اور سیکرٹریٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ صحت کے انتظامی امور کو مزید مضبوط بنا کر عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
