Home Blog Page 78

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے نظامت اعلیٰ صنعت وحرفت کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے نظامت اعلیٰ صنعت وحرفت کی جانب سے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں جاری ڈیجٹلائزیشن کے کام کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کو اس شعبے کے حوالے سے ریجسٹریشن اوردیگرخدماتی ذمہ داریوں میں آسانیاں فراہم ہو سکیں۔انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ اپنی خدمات کے حوالے سے ای چالان کا نظام اپنانے پر توجہ دے۔معاون خصوصی نے کہا کہ عوامی خدمات کے حوالے سے یہ ایک اہم شعبہ ہے اور ہرضلع میں یہ اپنے مقامی ڈھانچے کے ذریعے عوام کو اپنی خدمات فراہم کررہا ہے لہذا اسے نئی جہتوں اوررجحانات کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اپنی اہمیت کے پیش نظر یہ مزید بہتری کیساتھ اپنی خدمات پیش کرسکے۔معاون خصوصی نے کہا کہ کرش پلانٹس کی ریجسٹریشن کے حوالے سے انکی پیداواری صلاحیت واستعداد کے مطابق درجہ بندی کرنے کیلئے مجوزہ قوانین میں ترامیم لائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں نظامت اعلیٰ صنعت و حرفت کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں انھوں نے محکمہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بہتری کے حوالے سے دئیے گئیے اہداف کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ڈی جی انڈسٹریز حسن عابد،ڈپٹی سیکرٹری صنعت اعزاز اللہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ صوبے میں 854 گوداموں کا ڈیٹا رپورٹ کیا گیا ہے اور انکی رجسٹریشن مقامی سطح پر کرانے کی سہولت دستیاب ہونے کیلئے مقامی افسران کو اختیارات تفویض کیئے گئے ہیں۔ اس طرح بھٹہ خشت کاروبار کو بطور صنعت قرار دینے کا بل بھی منظور ہوا ہے اور انھیں رجسٹریشن کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے اضلاع کی سطح پر آگاہی مہمات چلائی جارہی ہیں۔ اسی طرح صوبہ بھر میں 885 سٹون کرشرز کا ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا ہے جبکہ بوائلرز ایکٹ کے تحت جولائی سے نومبر 2024 تک 167 بوائلرز کی انسپیکشن کی گئی ہے اور اس مد سے مجموعی طور پر ٹوٹل محصولات 3436583 روپے حاصل کیئے ہیں۔معاون خصوصی کو صنعت کے حوالے سے متعد پرانے قوانین میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ان کو بتایا گیا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلٹی کا معاملہ وفاقی یا صوبائی دائرہ اختیار میں ہونے کا جائزہ لینے کے حوالے سے محکمہ قانون سے رجوع کیا گیا ہے اور اس کا جواب جلد از جلد موصول ہوگا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ نظامت اعلیٰ صنعت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے اور اپنے متعین دیگر خدماتی ذمہ داریوں کے تحت عوام کو سہولیات فراہم کرے اور اس سلسلے میں دئیے گئے اہداف کے جلد از جلد حصول کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔

ادارہ شماریات پاکستان کے جاری ڈیٹا کے مطابق اکتوبر میں صنعتی ترقی کی رفتار 0.2 فیصد رہی، رواں سال کے پہلے چار ماہ میں 0.6 فیصد صنعتی ترقی رہی ہے مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

قیامت کی نشانی دیکھیے اس ترقی کو حکومت معاشی بحالی سے تشبیہ دے رہی ہے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
مشیر خزانہ وبین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے ملک کی صنعتی ترقی بارے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتی ترقی منجمد ہو چکی ہے 2022 کے بعد صنعتی حالات کا پتہ خود حکومت کے جاری کردہ اعداد شمار سے لگایا جا سکتا ہے جس میں ادارہ شماریات پاکستان کے جاری ڈیٹا کے مطابق اکتوبر میں صنعتی ترقی کی رفتار 0.2 فیصد رہی۔ ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے دفتر سول سیکریٹریٹ پشاور سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں 0.6 فیصد صنعتی ترقی رہی ہے اور قیامت کی نشانی دیکھیے اس ترقی کو حکومت معاشی بحالی سے تشبیہ دے رہی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ عمران خان حکومت کے خاتمے کے وقت ملک میں صنعتی ترقی 12 فیصد کی رفتار سے چل رہی تھی اس وقت برآمدات دوڑ رہی تھی اور روزگار عروج پر تھا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اب ملک میں معیشت کا پہیہ بلکل جام اوربے روزگاری انتہا پر ہے لوگ ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں اور موجودہ بجلی اور گیس کا کم استعمال اس چیز کی نشاندھی کر رہاہے۔

پولیس ٹریننگ سکول ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام سے متعلق صوبائی کابینہ کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین اور وزیر بلدیات،

پولیس ٹریننگ سکول ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام سے متعلق صوبائی کابینہ کی قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین اور وزیر بلدیات، الیکشنزو دیہی ترقی ارشد ایوب خان کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ داخلہ و قبائلی امور پشاور کے کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا۔جس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی، سیکرٹری لائیو اسٹاک فخر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ قاسم جدون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان، محکمہ ریونیو اور محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ نے کمیٹی کو ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول کے قیام اور اس کے لیے درکار زمینی رقبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے کہا کہ زمین کی تبدیلی کے حوالے سے تمام حکومتی قوانین کو مدنظر رکھا جائے اور کسی بھی صورت قانون کے بر خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مل بیٹھ کر رضامندی سے لاء اینڈ آرڈر کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زمین کے تبادلے کے حوالے سے فیصلہ کیاجائے تاکہ نقصان سے بچاجاسکے۔صوبائی وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ9 ایکڑ زمین جس پر پہلے سے تعمیر ات ہوچکی ہیں اور یہ لائیو اسٹاک کا حصہ ہے اگر یہ پولیس سکول کو مل رہی ہے تو اس کے بدلے میں محکمہ داخلہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ محکمہ لائیو اسٹاک کو دوسری جگہ زمین دے اور اس پر تعمیرات کی بھی ذمہ داری لے تاکہ محکمہ لائیو اسٹاک بھی مذکور ضلع میں اپنے فرائض کو انجام دے سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ زرعی زمین میں کسی بھی قسم کی تعمیر نہ کی جائے۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ان تمام فیصلوں کو صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین کی منظوری کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی نے کہا کہ اگر محکمہ داخلہ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو سکول کے قیام کے حوالے سے مزید رقبہ درکار ہو تو وہ ایک نئے پراجیکٹ کے ساتھ اس کمیٹی کو آگاہ کرے تاکہ صوبائی کابینہ کے سامنے مذکور مطالبہ کو پیش کیا جاسکے اور پولیس ٹریننگ سکول ڈیرہ اسماعیل خان کے قیام کو حتمی شکل دی جاسکے اور زیادہ سے زیادہ نوجوانان کو ٹریننگ دی جاسکے تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضاء قائم ہو۔

صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے نمائش کو خوش گوار اور انتظامی بلاک کے شایان شان قرار دے دیا

چار درجن سے زائد پھولوں، ڈیزائن شدہ گملوں اور آرٹ و ڈیزائن اور ذووالوجیکل شعبہ جات کے طلباء و طالبات کے ہنر کے جوہر نے شائقین و مہمانوں کے دل موہ لئے *

جامعہ پشاور میں ہر سال کی طرح امسال بھی گل داؤدی اور پھولوں کی نمائش نے منفرد اور انوکھے انداز سے انتظامی بلاک میں میلہ کی کیفیت پیدا کردی جس سے چار دہائیوں کے بعد جامعہ پشاور کے انتظامی بلاک کو چار چاند لگا دیئے۔نمائش کا افتتاح خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے فیتہ کاٹ کر کیا جس کے بعد انھوں نے فردا فردا پھولوں اور سجاوٹ کے اسٹالوں کی خوب پذیرائی کی اس موقع انھوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قاضی کے جمالیاتی ذوق اور پارکنگ شیڈ کی سابقہ جگہ پر منتقلی کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ نمائش کو طلباء و طالبات کے جمالیاتی زوق کی تسکین و اضافہ کا باعث بنیں گے۔اس موقع پر وہ شعبہ آرٹ و ڈیزائن اور ذووالوجیکل کے طلباء و طالبات کے پیشہ ورانہ ڈیزائن و آرائش سے بہت متاثر ہوئے اور امید ظاہر کی وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بھی اطراف میں مثبت تبدیلی کا باعث بنیں گے جو قوم کا حقیقی سرمایہ ہے۔اس موقع پر انھوں نے صحافیوں سے پریس ٹاک کے دوران جامعہ پشاور کی متواتر صحت مندانہ سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی جامعہ پشاور مسلسل اصلاحات کے عمل سے اپنے بہتر مستقبل کی طرف گامزن رہے گا۔

مشیر وزیراعلی برائے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ مصدق عباسی کو پریسر گولڈ پر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ محمد اظہر کی بریفنگ

مشیر وزیراعلی برائے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ہدایت دی ہے کہ عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو مائنز کمپنیوں اور عوام کے درمیان پل کا کام کریں۔ کمپنیوں کو اس بات پر آمادہ کیا کیا جائے۔ مشیر وزیراعلی مصدق عباسی نے ضلعی انتظامیہ نوشہرہ ، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عرفان اللہ محسود اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ محمد اظہر کی غیر قانونی کان کنی کی روک تھام اور مشینوں کی ضابطگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوشہرہ میں سونے نکالنے کی غیر قانونی کان کنی کو روک کر شفاف طریقے سے نیلامی کی گئی جس سے صوبائی حکومت چار ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔مشیر وزیراعلی مصدق عباسی نے مزید کہا کہ کمپنیاں علاقے کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں میں ان نمائندوں کے ذریعے عوام کا حاص خیال رکھنے کے لیے منصوبے بنائیں گے۔ تاکہ عوام کا کمپنیوں پر اعتماد بھی بحال ہو اور ساتھ ساتھ علاقہ ترقی بھی کرے۔ اس ضمن میں صحت اور تعلیم کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی اور ساتھ ساتھ علاقے میں سٹرکوں اور راستوں کے منصوبوں پر بھی معاونت حاصل کی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات پریسر گولڈ پر بریفنگ کے دوران دیں۔

مشیر وزیراعلی برائے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ مصدق عباسی نے مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کا صوبے میں جہاں جہاں بھی غیر قانونی کان کنی ہوگی انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مشیر وزیراعلی مصدق عباسی نے بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ پرسیر گولڈ کے پہلے مرحلے میں کامیاب نیلامی کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق حکومت بھرپور کوشش کرتے ہوئے یہ یقینی بنائے گی کہ کمپنیوں کو زمین پر اپنا کام کرنے کےلئے سیکورٹی کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جائے

کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کے لئے ایک دن کا وقت مانگا ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

جرگہ ٹوٹنے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہوسکتی ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

وزیراعلیٰ کی مخلصانہ کوششوں سے صدیوں پرانے اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،مشیر اطلاعات

وزریر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کے لئے ایک دن کا وقت مانگا ہے، جرگہ ٹوٹنے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہو سکتی ہے، امن کو یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈہ سے اجتناب کیا جائے۔ ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ جمع کرنے کے حوالے سے مشاورت کے لیے کیا گیا تھا، بنکرز اور اسلحہ حوالگی کے حوالے سے اپنے بڑوں سے مشاورت کے لیے گرینڈ جرگہ سے ایک دن کا وقت مانگا گیا تھا،انہوں نے کہاکہ کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسلحہ جمع کرانا اور بنکرز کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے، صوبائی حکومت علاقے میں مستقل امن چاہتی ہے جس کے لیے بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحہ سے پاک کرانا لازمی ہے، حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث علاقے میں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے، وزیراعلیٰ نے غذائی قلت دور کرنے کے لیے محکمہ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے، کرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے، اس کے مستقل خاتمے میں وقت لگ سکتا ہے، وزیراعلیٰ کی مخلصانہ کوششوں سے صدیوں پرانے اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، امید ہے کہ چند دنوں میں مسئلہ ختم ہو جائے گا اور علاقے میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔

عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلی خیبر پختون خوا کو ملاقات سے منع کرنا توہین عدالت ہے، مشیر اطلاعات

وزریر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلی خیبر پختون خوا کو ملاقات سے منع کرنا توہین عدالت ہے، عدالت کی حکم عدولی پر عدالت سے رجوع کریں گے، 26 ویں ترمیم کے بعد جعلی حکومت عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبے کے ایک چیف ایگزیکٹیو کو ڈپٹی سپرنڈنٹ جیل نے بتایا کہ اپکو عمران خان سے ملنے کی اجازت نہیں ہے، صوبے کے وزیراعلی کی تضحیک پورے صوبے کی تضحیک ہے، انہوں نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت صوبائی منافرت کو فروغ دے رہی ہے، علی امین گنڈاپور فارم 45 کے وزیراعلی ہیں مریم نواز کی طرح جعلی فارم 47 کے وزیراعلی نہیں ہے، فارم 47 کی جعلی وزیر اعلی کے حکم پر کیسے فارم 45 کے حقیقی وزیراعلی کی تضحیک کی جارہی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے ہدایت کی ہے

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے ہدایت کی ہے کہ سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے تحت صوبے میں چھوٹی صنعتوں کی ترقی و فروغ کیلئے انڈسٹریل اسٹیٹس میں سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام میں تیزی لائی جائے جبکہ نئی مجوزہ بستیوں کے جلد از جلد قیام کیلئے بھی درکار مراحل کو طے کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کی جائیں۔اس حوالے سے معاون خصوصی نے پیر کے روز محکمہ صنعت کے کمیٹی روم میں سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کی کارکردگی کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر حبیب اللہ عارف،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نعمان فیاض سمیت ڈپٹی سیکریٹری صنعت اعزاز اللہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا عمومی جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے دئیے گئیے اہداف کو حاصل کرنے کے حوالے سے معاون خصوصی کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ بورڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ مختلف صنعتی بستیوں میں بجلی کے حوالے سے درپیش مسائل کے ازالے کیلئے پیسکو کیساتھ ایک میٹنگ بھی عنقریب منعقد کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ باجوڑ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے سلسلے میں تفصیلی ڈیزائن کی تیاری ممکنہ طور پر فروری کے آخر تک مکمل کی جائیگی جبکہ معاون خصوصی کو صوبہ بھر میں دیگر صنعتی بستیوں کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔بورڈ حکام نے بتایا کہ نئی بستیوں کے قیام کیلئے لینڈ شیرنگ ماڈل کے ڈرافٹ کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ایبٹ آباد 2 انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی فراہمی کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اسے 31 جنوری تک مکمل کیا جائے جس کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ تیاری کے بعد انڈسٹریل پارک پشاور کا بھی افتتاح کیا جائے گا جو پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک میگا پروجیکٹ ہے اور اس کے ذریعے یہاں پر صنعتکاری کو فروغ ملے گا اور اس اہم منصوبے کے ذریعے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔انھوں نے بورڈ حکام سے صوابی انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی۔معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ بورڈ حکام صنعتکاری کے فروغ کیلئے صنعتی بستیوں میں ضروری سہولیات کی فراہمی اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے اپنی عائد ذمہ داریاں بروقت ادا کریں اور دئیے گئیے اہداف کو مقررہ وقت میں سرانجام دیا جائے۔انھوں نے کہا کہ یہاں پر صنعتکاری کو سہولت یافتہ بنانے سے ہی صوبے میں سرمایہ کاری آئے گی اور اس مقصد کے حصول کیلئے صوبائی حکومت کا یہ پختہ عزم ہے کہ ہمارے صوبے میں صنعتیں اور کاروبار پروان چڑھے جو ہماری معاشی ترقی کا اصل زینہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک کی زیر صدارت صوبائی کمیٹی برائے خوراک کا اجلاس

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو کی زیر صدارت صوبائی کمیٹی برائے خوراک کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خوراک ثاقب رضا اسلم، ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق احمد، ڈائریکٹر فوڈ مسرت زمان، محکمہ قانون اور خزانہ کے محکموں کے افسران سمیت متعلقہ کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران چترال اپر میں گندم ٹرانسپورٹیشن چارجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر کمیٹی نے ٹرانسپورٹیشن چارجز میں 15 فیصد اضافی کی منظوری دی اور جن سٹیشنوں میں گندم کا ریٹ ٹرانسپورٹیشن چارجز میں اضافے سے متجاوز تھا اسے کمیٹی نے مسترد کردیا اسکے ساتھ چترال اپر کے دور درازسٹیشنز مستوج، او ویر،صنوغر اور بروغل کے لیے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی درخواست پر صوبائی کمیٹی نے گندم کی ٹرانسپورٹیشن کی اصولی منظوری بھی دی۔ اجلاس کو صوبے میں گندم کے سٹاک کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گندم کی وافر مقدار موجود ہے اور کمی کا کوئی خدشہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گندم اور آٹے کی قیمت کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ گندم کی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی کے عمل کو مزید شفاف اور منظم بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ اجلاس میں دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔

سانحہ اے پی ایس کی دسویں برسی پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا پیغام

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے کی دسویں برسی کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا دلخراش واقعہ ملکی تاریخ کا ایسا اندوہناک سانحہ ہے جس نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن انسانیت کے دشمنوں نے ہماری قوم کے معصوم بچوں پر حملہ کر کے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ان معصوم جانوں کی قربانی نے پوری قوم، حکومت، اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری فتح کی بنیاد رکھی۔ ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جنہوں نے ناقابل برداشت دکھ اور کرب کو صبر اور استقامت سے جھیلا ہے۔ ان کا عزم اور قربانی ہماری نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں اور دشمن کے خلاف متحد ہیں.